اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ پاکستان نے ایران سعودی عرب محاذ آرائی روکنے میں موثر کردار ادا کیا۔
تفصیلات کے مطابق عرب خبر رساں ادارے کو دیے گئے انٹرویو میں وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان نے سعودی عرب اور ایران کے درمیان جاری کشیدگی کو ختم کرنے کے لیے اہم کردار ادا کیا، پاکستان نے تناؤ میں موجود خطے میں فوجی کارروائی کے بڑھتے امکان کو روکا۔
وزیراعظم نے کہا کہ ایران اور سعودی عرب کے درمیان ثالثی کا نتیجہ سست روی کا شکار ہونے کے باوجود پاکستان ثالثی کے لیے مسلسل کوششیں کررہا ہے، دونوں ممالک کے درمیان ہماری ثالثی رکی نہیں ہے۔
انھوں نے مزید کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان عسکری ٹکراؤ کے امکان سے مشرقی وسطیٰ کے لیے بدترین حالات پیدا ہوئے۔