اسلام آباد: وزیراعظم نے انٹرنیٹ اور سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر بڑھتی انتہا پسندی اور نفرت پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔
وزیراعظم عمران خان سے فیس بک کی چیف آپریٹنگ آفیسر (سی او او) شیرل سینڈبرگ نے ورچوئل ملاقات کی، جس میں پاکستان میں فیس بک کی سرمایہ کاری، ڈیجیٹل خواندگی اور کووڈ 19 سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا۔
عمران خان نے پاکستان میں فیس بک کی سرمایہ کاری اور مختلف پروگراموں کا خیرمقدم کرتے ہوئے نوجوانوں اور کاروباری افراد کو مواقع فراہم کرنے میں فیس بک کے کردار کی تعریف کی۔
وزیراعظم نے کہا کہ فیس بک پر روزگار کے مواقع پیدا کرنے سے لوگوں کو غربت سے نکالا جاسکتا ہے۔ وزیراعظم اور شرل سینڈبرگ نے فیس بک کے 6700 خواتین کے ٹریننگ پروگرام “شی مینس بزنس” پر بھی بات چیت کی۔
عمران خان نے بڑھتی ہوئی آن لائن نفرت اور انتہا پسندی پر بھی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آن لائن نفرت انگیز مواد کو روکنا ایک بہت بڑا چیلنج ہے۔ دونوں نے فیس بک پر رابطے کی سرمایہ کاری اور تحقیقی گرانٹ پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
شیرل سینڈبرگ نے کہا کہ فیس بک کی خون عطیہ کرنے والی مہم میں 50 لاکھ سے زائد پاکستانیوں نے سائن اپ کیا، پولیو سے پاک پاکستان کے حکومتی مقصد کے لیے فیس بک کی مکمل حمایت شامل ہے۔