اسلام آباد: پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے افغان طالبان سے مذاکرات کا آغاز کردیا۔
عمران خان نے ٹویٹ کرتے ہوئے بتایا کہ تاجکستان کے دارالحکومت دوشنبے میں افغانستان کے پڑوسی ممالک کے رہنماؤں اور تاجکستان کے صدر امام علی رحمٰن سے تفصیلی ملاقاتیں اور گفتگو کی۔
وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ افغان حکومت میں تاجک، ازبک اور ہزارہ برادری کی شمولیت کے لیے میں نے طالبان سے مذاکرات کا آغاز کردیا ہے، 40 سالہ تنازع کے بعد تمام اقوام پر مشتمل حکومت افغانستان میں امن و استحکام لائے گی، یہ ناصرف افغانستان بلکہ پورے خطے کے مفاد میں ہوگا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل افغانستان میں تاجک برادری اور پشتونوں کے درمیان کشیدگی میں کمی کی کوششوں کے سلسلے میں وزیراعظم عمران خان نے تاجک صدر کو اپنا کردار ادا کرنے کی یقین دہانی کرائی تھی۔