اسلام آباد: کابینہ اجلاس میں وزیراعظم عمران خان نے منی بجٹ سے متعلق ارکان کو آگاہ کیا۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے کابینہ کے اجلاس میں ارکان کو منی بجٹ لانے کی وجوہ سے آگاہ کیا اور اس حوالے سے کھل کر گفتگو کی۔
وزیراعظم عمران خان نے اس دوران سابق حکومتوں کو بھی آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ سابق حکمرانوں نے عالمی اداروں سے قرض لے کر ہمیں غلام قوم بنادیا۔
انہوں نے کہا کہ عالمی اداروں کے قرض اور سود واپس کرنے کے لیے ان ہی سے قرض لینے پڑتے ہیں۔
خیال رہے کہ حکومت کی جانب سے منی بجٹ جلد پیش کیے جانے کا امکان ہے اور اس سلسلے میں وزارت خزانہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ منی بجٹ میں عام آدمی کے استعمال کی کسی شے پر ٹیکس نہیں لگایا جائے گا۔
دوسری طرف حزب اختلاف نے حکومت کی جانب سے منی بجٹ لانے کے فیصلے پر شدید تنقید کرتے ہوئے احتجاج کا بھی فیصلہ کیا ہے۔