اسلام آباد: وزیراعظم کا کہنا ہے کہ 24 سالہ جدوجہد ابھی ختم نہیں ہوئی اور جتنا بھی مشکل وقت آئے عوام کا ساتھ نہیں چھوڑوں گا۔
وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا، جس میں حکومت کے دو سال مکمل ہونے پر نمایاں کامیابیوں کا ذکر کیا گیا۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے سفارتی کامیابیوں اور اسد عمر نے ملکی ترقی کے لیے حکومتی منصوبہ بندی سے آگاہ کیا۔
وزیر ریلوے شیخ رشید نے ایم ایل ون منصوبے کو عمران خان کی بڑی کامیابی قرار دیا تو امین الحق نے کراچی کے ترقیاتی منصوبوں پر وزیراعظم سے اظہار تشکر کیا۔ مراد سعید نے کہا کہ وزیراعظم کی قیادت میں معیشت کو نئی سمت مل گئی۔
وزیراعظم نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ کمزور طبقے کے لیے سوچنا اصل ایمان ہے، ہماری جدوجہد کا محور ہر کمزور پاکستانی ہے، 24 سالہ جدوجہد ابھی ختم نہیں ہوئی، جتنا بھی مشکل وقت آئے، عوام کا ساتھ نہیں چھوڑوں گا۔
انہوں نے کہا کہ تعلیمی نصاب میں مدینے کی فلاحی ریاست کا تصور شامل کریں گے، ابتدائی طور پر 8ویں اور9ویں جماعت کے لیے نصاب تیار کیا جائے گا۔