اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ انکوائری کمیٹی جلد از جلد سانحہ مری کے حقائق سامنے لائے۔
وزیراعظم کی زیرصدارت حکومتی رہنماؤں اور ترجمانوں کا اجلاس ہوا جس میں موجودہ سیاسی صورت حال، سانحہ مری پر بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں الیکشن کمیشن میں زیرسماعت فارن فنڈنگ کیس سے متعلق گفتگو ہوئی۔ بابر اعوان اور فرخ حبیب کی طرف سے فارن فنڈنگ کیس پر بریفنگ دی گئی۔ وزیرخزانہ شوکت ترین نے معاشی صورتحال پر بریفنگ دی۔
بابر اعوان نے کہا کہ ہم نے اپنے ڈونرز کی تفصیلات الیکشن کمیشن کو فراہم کیں، الیکشن کمیشن دوسری جماعتوں کے فنڈنگ ذرائع بھی سامنے لائے، فنانس سپلیمنٹری بل اسی ہفتے اسمبلی سے منظوری کروائیں گے۔ پنجاب حکومت کے ترجمان حسان خاور نے سانحہ مری پر بریفنگ دی۔
وزیراعظم نے کہا کہ کمیٹی جلد از جلد سانحہ مری کے حقائق سامنے لائے، سیاحتی مقامات پر ساری چیزوں کو ریگولیٹ کرنے کی ضرورت ہے، مری میں انفراسٹرکچر کی کمی کو دور کرنے پر زور دیا جائے، جدید طریقے سے سارے معاملے کو ہینڈل کیا جائے۔