اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ فوجی قیادت سے تعلقات مثالی نوعیت کے ہیں، نومبر دور ہے، آرمی چیف کو مزید توسیع سے متعلق ابھی سوچا نہیں، اتحادیوں کے ساتھ مل کر حکومت کے پانچ سال مکمل کریں گے۔
انہوں نے کہا ہے کہ اپوزیشن تحریک عدم اعتماد لانا چاہتی ہے تو ضرور لے آئے، آرمی چیف کو مزید توسیع سے متعلق ابھی سوچا نہیں، نومبر کافی دور ہے، میرے فوجی قیادت کے ساتھ تعلقات مثالی نوعیت کے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت کی سب سے بڑی ناکامی احتساب کا نہ ہونا ہے، تمام تر شواہد کے باوجود یہ لوگ بچ نکل رہے ہیں، شہباز شریف کے خلاف ٹھوس ثبوت موجود ہیں، کیا کوئی انکار کر سکتا ہے شہباز شریف نے کرپشن نہیں کی۔
وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ حکومت کے لیے آئندہ 3 مہینے کافی اہم ہیں، مہنگائی کو کنٹرول کرنا ہوگا، خیبر پختونخوا کے بلدیاتی انتخابات میں شکست کی وجہ سے پارٹی کو بہت نقصان ہوا، بلدیاتی انتخابات میں شکست پارٹی کی تنظیمی سطح پر بڑی ناکامی ہے، اللہ کا شکر ہے ہمارے ووٹ بینک میں کوئی کمی نہیں ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کی کارکردگی سے پوری طرح مطمئن ہوں، ہمارے بہت سے اچھے کاموں کی تشہیر نہیں ہو رہی، پاکستان کے چین اور امریکا دونوں کے ساتھ اچھے تعلقات ہیں، اتحادیوں کے ساتھ مل کر حکومت کے پانچ سال مکمل کریں گے۔