اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے بدعنوانوں کے خلاف بڑا فیصلہ کرلیا، انہوں نے پبلک اکاؤنٹس کمیٹی (پی اے سی) میں شامل حکومتی ارکان کو ہدایت کی کہ کرپشن کو سپورٹ کرنے والے کسی شخص سے رعایت نہ برتی جائے۔
وزیراعظم عمران خان سے پی اے سی میں شامل حکومتی ارکان کی ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔
ذرائع کے مطابق حکومت کے پی اے سی ارکان نے کرپشن سے متعلق تمام معاملہ بیورو کریسی پر ڈالتے ہوئے کہا کہ بیورو کریسی کرپشن کے معاملات پر سنجیدہ نہیں۔
ذرائع کے مطابق پی اے سی ارکان کا کہنا تھا کہ تمام فائلز بیوروکریسی کے پاس سے گزرتی ہیں، جتنے کرپشن کے معاملات ہائی لائٹ کرتے ہیں، بیوروکریسی دبا دیتی ہے، معاملات نیب کو بھجواتے ہیں وہاں بھی کرپشن کیس پر بڑا قدم سامنے نہیں آتا۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ ریاض فتیانہ اور نور عالم خان نے پی اے سی کی کارکردگی سے متعلق وزیراعظم کو آگاہ کیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان ریاض فتیانہ کی بطور رکن پی اے سی کارکردگی سے مطمئن ہیں۔
وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ آپ سب سینئر سیاست دان ہیں آپ سے کرپشن سے متعلق معاملات سامنے لانے کی توقع ہے، سابق حکومت کی کرپشن کے کیسز کو منظرعام پر لایا جائے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ موجودہ دور حکومت کی کرپشن کو بھی بے نقاب کریں، کرپشن کو سپورٹ کرنے والے کسی شخص سے رعایت نہ برتی جائے۔
ان کا کہنا تھا جو کوئی کرپشن کے معاملات پر مٹی ڈالنے کی کوشش کرے، مجھے بتائیں، کرپشن کے خاتمے کی پالیسی سے کسی صورت پیچھے نہ ہٹیں۔
وزیراعظم عمران خان نے پی اے سی ارکان کو ہدایت کی کہ کرپشن کرنے والا جو کوئی بھی ہے اسے قانون کی گرفت میں لائیں۔