ٹیکنالوجی میں ہم آگے بڑھ رہے، معیشت بہتری کی طرف گامزن ہوچکی: وزیراعظم

کراچی: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ پاکستان 50 سال پہلے ترقی کے جس سفر پر گامزن تھا، بدقسمتی سے بعد کے برسوں میں وہ برقرار نہ رکھ سکا۔ ہم نے اپنے پاؤں پر کھڑے ہونے، خودانحصاری اور آگے بڑھنے کے بجائے دوسرے پر انحصار شروع کردیا، ہم نے اپنی قوت کو نہیں پہچانا اور سہارے تلاش کرلیے۔
عمران خان نے کہا کہ اب ہم خود انحصاری کے راستے پر گامزن ہوگئے ہیں۔ وزیراعظم عمران خان نے ان خیالات کا اظہار کراچی شپ یارڈ میں شپ لفٹ اینڈ ٹرانسفر سسٹم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ ٹیکنالوجی کے شعبے میں ہم آگے بڑھ رہے ہیں۔ ماضی میں ہم نے اپنی قوت کو نہیں پہچانا اور سہارے تلاش کرلیے۔
انہوں نے کہا کہ جو قومیں مزاحمت نہیں کرتیں وہ کبھی بھی اپنے پاؤں پر کھڑی نہیں ہوسکتیں۔ ریاست مدینہ کے اصولوں پر جو بھی قوم چلے گی وہ ترقی اور کامیابی سے ہمکنار ہوگی۔ نبی کریم ﷺ کی زندگی ہمارے لیے مشعل راہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ آپ ﷺ نے غیر ملکی سربراہان کو خطوط لکھے تو ان سے امداد نہیں مانگی بلکہ انہیں اللہ کا پیغام پہنچایا اور خوددار قوم کھڑی کرکے انسانی تاریخ کا دھارا بدل دیا۔ آپ ﷺ کی تشکیل دی ہوئی قوم نے دنیا کی امامت کی۔
وزیراعظم نے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ ہم ایک بار پھر اپنے پاؤں پر کھڑے ہونے کی کوشش کررہے ہیں۔ کراچی شپ یارڈ میں بحری جہازوں کی مرمت کے نظام کی ترقی اور ٹیکنالوجی کے استعمال سے ملک کا پیسہ بچے گا جو کام پہلے ہمیں دوسرے ممالک سے کرانا پڑتا تھا اب وہ یہاں پر ہوگا۔ اس سے ناصرف قیمتی زرمبادلہ کی بچت ہوگی بلکہ ہم دوسرے ممالک کو بھی یہ سہولتیں فراہم کریں گے۔ وزیراعظم نے توقع ظاہر کی کہ اس منصوبے سے پاکستان ڈالر کمائے گا۔
انہوں نے کہا کہ ملک کی معیشت بہتری کی طرف گامزن ہوچکی ہے۔ کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ کم سے کم ہوگیا ہے۔ اب چیلنج یہ ہے کہ جیسے جیسے معیشت بہتر ہوگی کرنٹ اکاؤنٹ پر دباؤ بڑھے گا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت برآمدات بڑھانے اور منی لانڈرنگ روکنے پر توجہ دے رہی ہے۔ وزیراعظم نے بیرون ملک پاکستانیوں پر زور دیا کہ اپنی ترسیلات بینکنگ چینل سے بھیجیں۔
انہوں نے کہا کہ ماضی میں صاحب اقتدار لوگ پیسے چوری کرکے باہر بھیجتے تھے۔ ہم نے اس سلسلے کو روکنا ہے اور خود انحصاری پر توجہ دینی ہے اور ہم اس راستے پر گامزن ہوچکے ہیں۔

karachi visitPM Imran Khanspeech