اسلام آباد: وزیراعظم نے کہا ہے کہ اپوزیشن رہنما قوم کا لوٹا ہوا پیسہ واپس کریں، میں استعفیٰ دینے کو تیار ہوں۔
وفاقی کابینہ کا اجلاس وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت ہوا، جس میں وزیراعظم کو وزراء کی پارلیمنٹ اجلاسوں میں حاضری کی رپورٹ پیش کی گئی، ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے عمر ایوب اور حماد اظہر کی پارلیمانی کارکردگی کی تعریف کی جب کہ دیگر وزراء کو حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پارلیمنٹ پوری قوم کا نمائندہ فورم ہے، جہاں ہر وزیر جواب دہ ہے، جمہوریت مضبوط کرنی ہے تو پارلیمنٹ کو مضبوط بنانا ہوگا۔
ذرائع کے مطابق کابینہ اجلاس میں اپوزیشن کے استعفوں کی ڈیڈلائن ختم ہونے کا ذکر بھی سامنے آیا، جس میں وزیراعظم نے اپوزیشن کو اپنے استعفے کی پیشکش کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن رہنما قوم کا لوٹا ہوا پیسہ واپس کریں، میں استعفیٰ دینے کو تیار ہوں، استعفیٰ دینے کے لیے ہمت و جرأت چاہیے جو ان میں نہیں، اگر ان میں استعفیٰ دینے کی ہمت ہوتی تو این آر او کرکے ملک سے نہ بھاگتے، نواز شریف، آصف زرداری اور مولانا فضل الرحمان ملک کا لوٹا پیسہ واپس کریں۔
وزیراعظم عمران خان نے وزراء کی سیکیورٹی اور پروٹوکول سمیت گزشتہ رات اسلام آباد میں 4 نوجوانوں کو کچلنے کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے تفصیلات طلب کرلیں۔ وزیراعظم نے وزرا کی سیکیورٹی اور پروٹوکول سے متعلق کہا کہ وزراء سیکیورٹی کے نام سرکاری وسائل کا غیر ضروری استعمال نہیں کرسکتے۔