اسلام آباد: وزیراعظم نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان باہر سے فنڈنگ لیتے رہے ہیں، انہیں بھی جواب دہ ہونا پڑے گا۔
نجی ٹی وی کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت حکومتی رہنماؤں کا اجلاس ہوا، جس میں سینیٹ انتخابات سے متعلق بھی مشاورت کی گئی، اجلاس میں وزیراعظم کو ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل، براڈشیٹ اور محکمہ اوقاف کی زمینوں پر قبضوں سے متعلق بریفنگ دی گئی۔ ملک بھر میں اوقاف کی زمینوں پر قابض افراد کے خلاف آپریشن شروع کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ قبضہ مافیا کو نہیں چھوڑیں گے، (ن) لیگ کی قیادت لاہور کے قبضہ مافیا کی حمایت میں کھل کر سامنے آگئی ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ جسٹس (ر)عظمت سعید معزز اور اچھی شہرت والے جج ہیں اور وہی براڈ شیٹ کی تحقیقات کریں گے، مولانا فضل الرحمان باہر سے فنڈنگ لیتے رہے ہیں، انہیں بھی جواب دہ ہونا پڑے گا، کوئی بھی قانون سے بالاتر نہیں، ہر کسی کو جواب دینا پڑے گا، سیاست عبادت ہے، ظالموں اور چوروں کے ساتھ کھڑے ہونے کا نام نہیں، سینیٹ انتخابات میں بھی شفافیت یقینی بنائیں گے۔