اسلام آباد: وزیراعظم نے کہا ہے کہ فارن فنڈنگ کیس میں ہمیں پھنسانے والے اب خود پھنس چکے ہیں۔
وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت حکومتی رہنماؤں کا اجلاس ہوا، جس میں سیاسی صورت حال پر مشاورت کی گئی اور حکومتی رہنماؤں کو براڈشیٹ، فارن فنڈنگ کیس اور قبضہ مافیا کے خلاف کریک ڈاؤن پر بریفنگ دی گئی۔
وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ حیرت ہے سرکاری زمینوں کا قبضہ چھڑانے کو بھی سیاسی انتقام قرار دیا جارہا ہے، سرکاری زمینوں پر قبضہ کرنے والوں کو (ن) لیگ کی سرپرستی حاصل رہی، سیاسی سرپرستی کے بغیر کوئی بھی سرکاری زمین پر قبضہ نہیں کرسکتا، قبضہ مافیا کے خلاف آپریشن کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے اور حکومتی ترجمان قبضہ مافیا کے خلاف آپریشن کی تفصیلات سے قوم کو آگاہ کریں۔
انہوں نے کہا کہ فارن فنڈنگ کیس میں ہمیں پھنسانے والے اب خود پھنس چکے ہیں، الیکشن کمیشن میں ہمارا مؤقف درست ثابت ہوا، براڈشیٹ کے معاملے پر شفاف اور منصفانہ تحقیقات کرانا چاہتے ہیں، قومی خزانے کو نقصان پہنچانے والے ہر کردار کو سامنے لائیں گے، اپوزیشن کی خام خیالی ہے کہ وہ پروپیگنڈا کرکے حقائق چھپالیں گے۔