پنجاب، وزیراعظم کا 5 شہروں میں ترقیاتی منصوبے شروع کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد: پنجاب کے 5 شہروں میں وزیراعظم عمران خان نےاربوں روپے کے ترقیاتی منصوبے شروع کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت شہروں کی ماسٹر پلاننگ سے متعلق اجلاس ہوا، جس میں پنجاب کے 5 شہروں میں اربوں روپے کے ترقیاتی منصوبے شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق لاہور، راولپنڈی، فیصل آباد، گوجرانوالا اور ملتان کے لیے بڑے پیمانے پر فنڈز جاری ہوں گے۔ وزیراعظم نے پارٹی سے پانچوں شہروں کے ممکنہ میئرز کی تفصیلات طلب کرلیں۔
پنجاب میں لوکل گورنمنٹ انتخابات 15 مئی سے شروع ہورہے ہیں جن کا سلسلہ مئی سے جون تک جاری رہے گا۔ پی ٹی آئی مربوط پلان سے بلدیاتی انتخابات میں اترے گی اور پنجاب حکومت 5 شہروں کی ماسٹر پلاننگ کی منصوبہ بندی کرے گی۔ وفاقی حکومت فنڈز کے اجراء میں پنجاب حکومت سے تعاون کرے گی۔
عمران خان نے اس موقع پر کہا کہ ہم بڑے شہروں کی ترقی پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں، بڑے شہر قومی معیشت کی ترقی کے حقیقی انجن ہیں، دیہی سے شہری علاقوں کی نقل مکانی کی وجہ سے شہروں کو متعدد چیلنجز کا سامنا ہے، بڑے شہروں میں رہائش، ملازمت کے مواقع اور شہری سہولتوں کی کمی ہے، ان کے لیے خصوصی ترقیاتی پیکیجز پر کام کو تیز کیا جائے اور مختلف ترقیاتی اسکیموں کی تکمیل کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو ترجیحی بنیادوں پر دُور کیا جائے۔

Citiesdevelopment projectsPM Imran KhanPunjab