اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے حکومتی و اتحادی سینیٹرز کے اعزاز میں ظہرانہ دیا۔
وزیراعظم کی جانب سے دیے گئے ظہرانے میں گورنر سندھ عمران اسماعیل، گورنر پنجاب چوہدری سرور، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان سمیت دیگر نے شرکت کی۔ عمران خان نے تمام نومنتخب سینیٹرز کو مبارک باد دی۔
پاکستان تحریک انصاف اور اتحادی جماعتوں کے سینیٹرز کو پنجاب ہاؤس عشائِے میں شرکت کی دعوت دی گئی، جہاں تمام نومنتخب سینیٹرز کو ووٹ کاسٹ کرنے کے طریقہ کار سے آگاہ کیا جائے گا۔ اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ چیئرمین و ڈپٹی چیئرمین سینیٹ انتخابات کے دوران ایک ایک ووٹ کی بہت اہمیت ہے، حکومتی اور اتحادی نومنتخب سینیٹرز ووٹ کی اہمیت کو سمجھیں۔
دوسری جانب وزیراعظم نے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے لیے مرزا آفریدی کو نامزد کردیا۔ وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز نے کہا کہ سابق فاٹا کی سینیٹ میں نمائندگی کے لیے مرزا آفریدی کی نامزدگی کی گئی۔
خیال رہے چیئرمین سینیٹ کا الیکشن کل شیڈول ہے، جہاں پی ڈی ایم کے امیدوار یوسف رضا گیلانی اور حکومتی امیدوار صادق سنجرانی مدمقابل ہیں۔ پی ڈی ایم امیدوار یوسف رضا گیلانی اور مولانا عبدالغفور حیدری نے کاغذات نامزدگی حاصل کرلیے۔