اسلام آباد: نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے قومی ایئرلائن کی نج کاری کے عمل کو تیز کرنے کی ہدایت کردی۔
نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ کی زیر صدارت پی آئی اے سے متعلق اجلاس ہوا، جس میں وزیراعظم نے قومی ایئرلائن کے معاملات پر فیصلہ سازی میں تاخیر پر تشویش کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ ملک معاشی مشکلات میں ہے اور قومی اداروں کا خسارہ ان مشکلات کو بڑھارہا ہے، عوام کے ٹیکسوں سے ان اداروں کا خسارہ پورا کرنا مزید ممکن نہیں۔
انوار الحق کاکڑ کا کہنا تھا کہ پی آئی اے اور خسارے والے دیگر سرکاری اداروں (ایس او ایز) کی نج کاری مزید تیزکی جائے، ہوا بازی شعبے کی اصلاحات سے عوام کو بہترین سفری سہولتیں فراہم کی جاسکیں گی۔
نگراں وزیراعظم نے مزید کہا کہ نج کاری کے عمل کی شفافیت کو یقینی بنایا جائے جب کہ خسارے کے ذمے داروں کا تعین بہت ضروری ہے، تاکہ اس کے تدارک کے لیے اقدامات ہوسکیں۔