اسلام آباد: وزیراعظم کا کہنا ہے کہ افغانستان میں جامع حکومت ہی امن و استحکام کے لیے آگے بڑھنے کا راستہ ہے۔
اقوام متحدہ کے ورلڈ فوڈ پروگرام کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر نے وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی، جس میں افغانستان کی بدلتی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم نے دنیا بھر میں ہنگامی حالات کے دوران خوراک کی فراہمی میں ورلڈ فوڈ پروگرام کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان بھی عالمی ادارہ خوراک کے مختلف منصوبوں سے مستفید ہورہا ہے، ورلڈ فوڈ پروگرام کے ساتھ شراکت داری کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔
ملاقات میں افغانستان کی بدلتی صورت حال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا اور افغان عوام کے لیے خوراک کی ضروریات پورا کرنے کے لیے پاکستان اور ورلڈ فوڈ پروگرام کے تعاون پر بھی بات چیت کی گئی، ایگزیکٹو ڈائریکٹر نے افغان شہریوں کو خوراک کی فراہمی پر پاکستان کی تعریف کی اور افغانستان کو امداد جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا۔
وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ افغانستان میں جامع حکومت کی تشکیل اور عالمی برادری کا مثبت رویہ انسانی بحران سے بچاسکتا ہے، جامع حکومت ہی امن و استحکام کے لیے آگے بڑھنے کا راستہ ہے۔