دبئی: محمد عامر نے سابق کپتان وسیم اکرم کو لیجنڈ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان جیسے کھلاڑی صدیوں میں پیدا ہوتے ہیں۔
کراچی کنگز کے فاسٹ بولر محمد عامر نے کہا کہ وسیم اکرم نوجوان کھلاڑیوں کو جدید طرز کی کرکٹ سے روشناس کرارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وسیم اکرم نے کبھی کوچ بن کر نہیں سکھایا، اُن کی ذہانت کی وجہ سے ہم اچھا گیم کھیلتے ہیں۔ سچی بات یہ کہ وہ کبھی کوچ بن کر پیش نہیں آئے، انہوں نے ہمیشہ ہمیں مثبت انداز سے چیزیں سمجھائیں۔
محمد عامر کا مزید کہنا تھا کہ جب آپ اُن کے پاس جاتے ہیں تو وہ آپ کو جدید انداز سے کرکٹ سکھاتے ہیں۔ ان ساری باتوں کی وجہ سے میں وسیم اکرم کو لیجنڈ سمجھتا ہوں جو صدیوں میں پیدا ہوتے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ وسیم اکرم کرکٹ کی تکنیک اور مہارت کے حوالے سے بھی بہت معلومات رکھتے ہیں جو انہیں معلوم ہوتا ہے وہ کھلاڑیوں کو ضرور بتاتے ہیں۔
بابر اعظم کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر محمد عامر نے کہا کہ تینوں فارمیٹس کا کپتان بننے کے بعد قومی کپتان میں کوئی تبدیلی نہیں آئی، وہ آج بھی ویسا ہی ہے۔
دوسری جانب ذرائع کے مطابق انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے معاملے پر پی سی بی نے فاسٹ بولر محمد عامر کو منانے کے لیے کوششیں تیز کردی ہیں۔