کولمبو: پاکستان کی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا نے بھارت کے خلاف بڑے میچ سے قبل اسپنر عثمان طارق کو ٹرمپ کارڈ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں اچھی کرکٹ کھیلنا ہوگی۔
سلمان علی آغا کا کولمبو میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا ہمارے لیے یہ سب کھلاڑی ایک جیسے ہیں، عثمان طارق کو آپ سب نے بنایا، وہ ہمارے لیے ٹرمپ کارڈ ہیں۔
ان کا کہنا تھا عثمان طارق کے بولنگ ایکشن سے متعلق بات چلتی رہی ہے، عثمان طارق دو مرتبہ کلیئر ہوچکا، پتا نہیں اس کے ایکشن پر بات کیوں ہورہی ہے، لیکن عثمان طارق پر اس سب کا کوئی اثر نہیں پڑتا، کسی کی رائے کو روک نہیں سکتے، سب کو اجازت ہے۔
انہوں نے کہا کہ کل بھی ایک بڑے لیول کا میچ ہوگا، ہم تیار ہیں ہمیں اچھی کرکٹ کھیلنا ہے، یہاں کی کنڈیشنز سے ہم آہنگ ہیں اور پچ کا بھی علم ہے، بارش کا کچھ نہیں کرسکتے، اگر بارش کی وجہ سے اوور کم ہوتے ہیں تو اس کا بھی پلان کر رکھا ہے۔
قومی ٹیم کے کپتان کا کہنا تھا میرے لیے تمام 15 کھلاڑی اہم ہیں، کوئی بھی کھیل سکتا ہے، کنڈیشنز کو دیکھ کر ہی اپنی پلیئنگ الیون بنائیں گے، بابر اعظم رنز کر رہے ہیں، ہمارے لیے پریشانی کی بات نہیں ہے، امید ہے بابراعظم کل بھی رنز کریں گے۔
ایک سوال کے جواب میں سلمان علی آغا کا کہنا تھا انڈیا کے خلاف ورلڈکپ میں پاکستان کا ریکارڈ اچھا نہیں رہا، لیکن ہم نے تاریخ سے سیکھا ہے اور کوشش ہوگی کہ کل اچھا کھیلیں، بھارت کی پوری پلئینگ الیون کے لیے پلان کیا ہوا ہے۔
پاکستان کے کپتان نے کہا، امید ہے بھارتی اوپنر ابھیشک کی ریکوری اچھی ہورہی ہوگی اور وہ اپنی ٹیم کو دستیاب ہوں گے۔
انہوں نے کہا جب آپ کپتانی کررہے ہوتے ہیں تو یہ اضافی ذمے داری ہوتی ہے، دباؤ بھی ہوتا ہے، آپ ملک کی نمائندگی کررہے ہوتے ہیں تو سب کی نظریں آپ پر ہوتی ہیں، ہمیں میدان میں اچھی کرکٹ کھیلنا ہوگی۔