لندن: برطانیہ میں مقبول میوزک فیسٹیول میں شریک لوگوں کی بھوک مٹانے کی خاطر اب اڑن لباس (جیٹ پیک) کے حامل ڈیلیوری بوائے پیزا پہنچارہے ہیں۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ لوگوں کا جمِ غفیر کھلے میدان میں گھاس پر بیٹھ کر میوزک سنتا ہے اور اس رش سے نکل کر کھانے پینے میں دقت پیش آتی ہے۔
ڈومینو پیزا کے کارکنوں نے فیسٹیول سے پہلے ہی اس کی مشق کی تھی اور اب وہ 21 جون سے شروع ہونے والے میلے میں پیزا پہنچارہے ہیں۔ اس منظر کو دیکھ کر شرکا نے حیرت اور خوشی کا اظہار کیا ہے۔
ڈومینو پیزا کے ترجمان سیم وِلسن نے کہا کہ میلے میں جگہ جگہ سے آرڈر ملتے رہتے ہیں اور ہر پیدل چل کر ہر ایک تک بروقت کھانا پہنچانا ممکن نہیں رہتا۔ اسی وجہ سے ہم نے جدید جیٹ پیکرز کو آزمایا ہے۔ ہمارے راکٹ مین، لوگوں کے خیموں تک جاکر انہیں کھانا پہنچارہے ہیں۔
اس موقع پر جیٹ پیک فراہم کرنے والی کمپنی نے بھی کہا کہ گرما گرم پیزا کو اُڑن لباس کے ذریعے ڈیلیوری کا خیال ہمیں کبھی نہیں آیا، لیکن اب اس پر عمل درآمد شروع ہوگیا ہے۔