راولپنڈی: پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان سیریز کے پہلے ٹیسٹ کے دوسرے روز کا کھیل ختم ہونے تک قومی ٹیم نے بغیر کسی نقصان کے 181 رنز بنالیے۔ پاکستانی اوپنر امام الحق 90 اور عبداللہ شفیق 89 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔
راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں دوسرے روز انگلش ٹیم نے کھیل کا آغاز 506 رنز 4 وکٹوں کے نقصان پر کیا، ابتدا میں کپتان بین اسٹوکس 41 رنز بناکر وکٹ گنوا بیٹھے جب کہ لیام لیونگ اسٹون 9 رنز بناسکے۔ ہیری بروک نے 153 رنز کی اننگز کھیلی جب کہ ول جیکس 30، اولی روبنسن 37 اور جیک لیچ 6 رنز بناکر نمایاں رہے۔
انگلش ٹیم نے دوسرے روز 26 اوورز میں 151 رنز بنائے جب کہ انکی 6 وکٹیں گریں، پاکستان کی جانب سے زاہد محمود 4، نسیم شاہ 3، محمد علی 2 جب کہ حارث رؤف نے ایک وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے۔
قبل ازیں کھیل کے پہلے روز انگلینڈ کے اوپنرز زیک کرولی اور بین ڈکٹ نے اپنی ٹیم کو جارحانہ آغاز فراہم کیا، دونوں نے پہلی وکٹ کی شراکت میں 233 رنز اسکور کیے، بین ڈکٹ 107 جبکہ زیک کرولی 122 رنز بناکر نمایاں رہے تھے۔ دیگر کھلاڑیوں میں اولی پوپ 108، جو روٹ 23 رنز بناکر نمایاں رہے تھے۔
انگلش ٹیم کے کپتان بین اسٹوکس نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ کوشش ہوگی پہلے ابتداء میں بہتر کھیل کا مظاہرہ کرکے پاکستان کو انڈر پریشر لائیں۔ اس موقع پر قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم نے کہا تھا کہ اگر ٹاس جیتتے تو پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کرتے۔