کوالالمپور: پی آئی اے کا بوئنگ 777 طیارہ کوالالمپور ایئرپورٹ پر قبضے میں لے لیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پی آئی اے کی پرواز پی کے 895 کراچی سے آج کوالالمپور پہنچی تھی، کوالالمپور میں مقامی حکام نے پی آئی اے کا طیارہ عدالتی احکامات پر قبضے میں میں لے لیا۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ طیارے کی لیز کے واجبات ادا نہ کرنے پر ملائیشیا میں پی آئی اے کا طیارہ قبضہ میں لیا گیا۔
ذرائع کے مطابق پی آئی اے طیارے کو قبضے میں لینے کی کارروائی مسافروں کے سوار ہونے کے بعد کی گئی اور طیارے کو قبضے میں لینے کے بعد مسافروں کو طیارے سے اتار دیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ طیارے کو قبضے میں لیے جانے کے بعد پی آئی اے کا 18 رکنی عملہ بھی کوالالمپور میں پھنس گیا ہے، 18 رکنی عملے کو اب 14 دن قرنطینہ میں گزارنے ہیں۔
ترجمان پی آئی اے نے بھی کوالالمپور میں طیارے کو قبضے میں لیے جانے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ مسئلے کے احسن حل تک مسافروں کی مناسب دیکھ بھال کی جائے گی۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ ملائیشیا میں عدالتی حکم پر طیارے کو قبضے میں لیا جانا ایک ناخوش گوار صورت حال ہے، پی آئی اے حکومتی سطح پر اس مسئلے کے حل کے لیے کوشاں ہے۔
قومی ایئرلائن کے ترجمان کا کہنا ہے کہ اس معاملے میں برطانوی عدالت میں پی آئی اے اور ایک پارٹی کا کیس زیر التوا ہے۔
خیال رہے کہ پی آئی اے نے 2015 میں بوئنگ 777 طیارہ ویت نام کی کمپنی سے لیز پر حاصل کیا تھا۔