کراچی: پی آئی اے انتظامیہ نے رمضان المبارک سے متعلق کیبن کریو ارکان کیلئے سیفٹی الرٹ جاری کردیا۔
پی آئی اے کے جاری کردہ ہدایت نامے میں کہا گیا ہے کہ روزہ رکھنے والے کریو پر لازم ہوگا کہ وہ انتظامیہ کو پیشگی اطلاع دیں۔ روزہ رکھنے والے کریو ارکان کو فلائٹ کے ساتھ جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔ پی آئی اے انتظامیہ کا کہنا ہے کہ روزہ رکھ کر فلائٹ میں فرائض کی انجام دہی صحت پر مضر اثرات مرتب کرسکتی ہے جو مسافروں کیلئے بھی خطرناک ثابت ہوسکتی ہے۔
ترجمان پی آئی اے کے مطابق مسلم ممالک کی زیادہ تر فضائی کمپنیوں میں کیبن کریو کو روزے کے ددروان پرواز کی اجازت نہیں ہے۔ انتظامیہ نے کپتان کی مستعدی برقرار رکھنے کیلئے روزہ رکھنے پر پابندی عائد کردی ہے۔ سحری اور افطار کے وقت پروازیں آپریٹ نہیں کی جائیں گی۔
ہدایت نامے میں کہا گیا ہے کہ روزہ رکھ کر فلائٹ میں فرائض کی انجام دہی صحت پر مضر اثرات مرتب کرسکتی ہے ۔ ساتھ ہی وضاحت بھی کی گئی ہے کہ انتظامیہ کے فیصلے کا مقصد عملے کو صحت کے مسائل سے بچانے کیلئے ہے۔