سری نگر: بھارتی سماج میں پاکستان مخالف پروپیگنڈا اس قدر سرایت کرچکا کہ اگر پاکستان سے کوئی کبوتر بھی اڑتا ہوا سرحد پار کرجائے تو اسے بھی بھارتی میڈیا جاسوس کے طور پر دکھاتا ہے۔
لیکن اس بار کبوتر نہیں بلکہ ایک اڑن کھٹولا بھارتی پولیس اور میڈیا کے لیے خوف کی علامت بن گیا کیونکہ اس پر پی آئی اے لکھا ہوا ہے۔
بھارتی خبر رساں ادارے کی جانب سے سوشل میڈیا پر کیے گئے ٹویٹ کے مطابق گزشتہ روز مقبوضہ جموں کے ضلع کٹھوا کے ہیرا نگر سیکٹر کے سوترا چک گاؤں میں ایک طیارے کی شکل کا غبارہ گرا جس پر پی آئی اے لکھا ہوا تھا۔
An aircraft-shaped balloon with ‘PIA’ written on it landed in Sotra Chak village of Hiranagar sector yesterday evening. The balloon was taken into custody by police: Jammu and Kashmir Police pic.twitter.com/GVGWmhesYl
— ANI (@ANI) March 10, 2021
جموں کشمیر پولیس کے مطابق اس طیارہ نما غبارے کو تحویل میں لے لیا گیا ہے۔
دوسری جانب سوشل میڈیا پر اس حوالے سے دلچسپ صورت حال دیکھنے کو مل رہی ہے اور کئی لوگ اس کا خوب مذاق بھی اڑا رہے ہیں۔
ونود نامی ایک بھارتی صارف نے لکھا کہ مذاق سے قطع نظر،کیا ہمارے ریڈار نے اس غبارے کو نہیں دیکھا اور اگر دیکھا تو اسے کیوں نہیں مار گرایا، اسے زمین پر اترنے کیوں دیا؟
ایک اور صارف نے لکھا کہ اسے (غبارے) کو میوزیم میں رکھنا چاہیے اور اس کا نام ’پاکستان ایوی ایشن ٹیکنالوجی 2021‘ لکھنا چاہیے۔
مینال نامی ایک صارف نے ٹوئٹ میں ’فری پاکستان بلون’کے ہیش ٹیگ کے ساتھ لکھا کہ یہ جمہوریت اور نقل و حرکت کی آزادی پر حملہ ہے، اوہ میرے خدایا، میں تو ہل کر رہ گئی ہوں، بھارت صرف 21 انچ کے غبارے سے خوف زدہ ہے۔
مینال نے ’بلون لائیو میٹرز‘ کا ہیش ٹیگ بھی ڈالا اور لکھا کہ مودی کو مستعفی ہوجانا چاہیے۔