سندھ کے تعلیمی اداروں میں کل سے فزیکل کلاسز ہوں گی، شرجیل میمن

کراچی: سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے ایم کیو ایم پاکستان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ایم کیو ایم بلدیاتی اداروں کے اختیارات کی بات تو کرتی ہے لیکن انتخابات سے بھاگ جاتی ہے۔
شرجیل میمن نے کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ سینٹ پیٹرک اسکول میں گراؤنڈ بنانے کے لیے منظوری دی، مزارات اور مذہبی مقامات پر ترقیاتی کاموں کی منظوری بھی دی ہے۔
صوبائی وزیر نے ایم کیو ایم کو تنقید کرتے ہوئے یہ بھی کہا کہ ایم کیو ایم بلدیاتی اداروں کے اختیارات کی بات کرتی ہے اور بلدیاتی انتخابات سے بھاگ جاتی ہے، فاروق ستار کی باتوں کو اہمیت نہ دیں، وہ آج کل پریشان ہیں۔
شرجیل میمن کے مطابق صوبے میں اسکول، کالجز اور جامعات میں تدریسی عمل کل سے بحال ہوجائے گا، سندھ میں آن لائن کلاسز کے بجائے فزیکل کلاسز ہوں گی، ہفتے کے دو دن تعلیمی ادارے بند رہیں گے۔
دوسری جانب پریس کانفرنس میں شریک وزیر داخلہ سندھ ضیالنجار نے کہا کہ گھوٹکی، کشمور، شکار پور اور دیگر اضلاع سے انتہائی مطلوب ڈاکو ہتھیار ڈال چکے، کچے کے علاقے میں آپریشن نجات مہران کی بدولت امن قائم ہوا، آپریشن نجات مہران گھوٹکی، سکھر، شکارپور،کشمور جیک آباد میں کیا گیا۔
ضیالنجار نے کے مطابق کچے کے 393 ڈاکوؤں نے ہتھیار ڈالے، سکھر سے بہاولپور کا سفر مشکل تھا، اب محفوظ بنا دیا گیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کندھ کوٹ، جیکب آباد میں اے ٹی سی کےججز کی تعیناتی کی درخواست کی ہے، دادو سیشن کورٹ میں پہلے بھی واقعات ہو چکےہیں، کل کا فیصلہ بہت بڑا تھا، ہم نے کوشش کی کہ کسی بھی فریق کو کوئی نقصان نہ پہنچے، فائرنگ کرنے والے افراد کے خلاف مقدمہ درج ہوگا۔