فہد مصطفیٰ نے کئی بار تضحیک کی، نوکری سے بھی نکلوایا، فوٹوگرافر عمر سعید

کراچی: معروف اداکار و میزبان فہد مصطفیٰ پر فوٹوگرافر عمر سعید نے ان کا کیرئیر ختم کرنے کے الزامات عائد کیے ہیں جس پر سوشل میڈیا پر شدید ردعمل سامنے آرہا ہے۔
فہد مصطفیٰ کو سوشل میڈیا پر شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، جس کی وجہ اُن کے سابق فوٹوگرافر عمر سعید کی ایک ویڈیو پوسٹ ہے۔ عمر سعید، جو ماضی میں ایک پروگرام کے دوران فہد مصطفیٰ کے ساتھ بطور فوٹوگرافر کام کر چکے ہیں، نے دعویٰ کیا ہے کہ فہد نے انہیں کئی مواقع پر سب کے سامنے تضحیک کا نشانہ بنایا اور بعد ازاں نجی ٹی وی چینل سے نکلوانے میں بھی کردار ادا کیا۔
عمر کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ دو سال پرانا ہے اور وہ طویل عرصے تک خاموش رہے، لیکن اب انہوں نے فہد مصطفیٰ کے رویے کو عوام کے سامنے لانے کا فیصلہ کیا ہے جب ان کی نظر اچانک ان کے پاس موجود اس ویڈیو پر پڑی۔ عمر نے یہ بھی کہا کہ اب وہ ذاتی کاروبار کر رہے ہیں اور خودمختار زندگی گزار رہے ہیں تاہم نجی ٹی وی سے نکلوانے میں فہد مصطفیٰ کا ہاتھ تھا۔
عمر کا مزید کہنا تھا کہ فہد مصطفیٰ جیسے مشہور شخصیات کی وجہ سے نہ جانے اور کتنے لوگ تکلیف میں ہوں گے اور لوگوں کے ساتھ ایسا سلوک کرنا چاہیے جیسا تم چاہتے ہو کہ تمہارے ساتھ کیا جائے۔
سوشل میڈیا صارفین کی بڑی تعداد نے عمر کی حمایت کرتے ہوئے فہد کو مغرور اور بدتمیز قرار دیا، جبکہ کچھ صارفین نے معاملے کا دوسرا رخ جاننے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
یہاں یہ بات قابل غور ہے کہ پوسٹ کی گئی ویڈیو میں آواز ہے نہ ہی عمر سعید نظر آرہے ہیں۔

 

PhotographerPhotographer makes serious allegations against Fahad MustafaUmer Saeed