کراچی: پی پی پی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوش رُبا اضافے کو مسترد کردیا۔ انہوں نے کہا کہ پٹرول تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچاکر عمران خان نے عوام کی جیبوں پر ڈاکہ مارا۔
انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ پٹرول 5 روپے مزید مہنگا ہوگیا، عمران خان قوم کے اچھے دن کب آئیں گے، ڈالر، پٹرول تاریخ کی بلند ترین سطح پر ہوں گے تو ہر شے دسترس سے دُور ہوتی چلی جائے گی، عمران خان نے کہا تھا کہ میں رُلاؤں گا، آج پوری قوم رو رہی ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ عوام رو رہے اور عمران چین کی بانسری بجا رہے ہیں، بجٹ کے بعد عوام کو ریلیف پہنچانے کے وہ بڑے بڑے دعوے کہاں گئے؟ سستا پٹرول دینے کا جھوٹ بول کر اقتدار میں آنے والے آج تاریخ کا مہنگا ترین پٹرول بیچ کر اس کا دفاع بھی کررہے ہیں، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے جمع اربوں روپے پی ٹی آئی حکومت کرپشن میں اڑا دے گی۔