اسلام آباد: آئی ایم ایف کی بقایا پیشگی شرط کی وجہ سے پٹرولیم ڈیولپمنٹ لیوی (پی ڈی ایل) میں اضافے کے لیے ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت رواں ہفتے کے آخر میں قریباً 8 روپے فی لیٹر بڑھنے جب کہ پٹرول قریباً 11 روپے فی لیٹر سستا ہونے کا امکان ہے۔
پاکستان کے معروف انگریزی اخبار کا اپنی رپورٹ میں کہنا ہے کہ 24 اگست کو آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ کی جانب سے پاکستان کے لیے ایک ارب 18 کروڑ ڈالر کے اجرا کے معاملے کو تقویت ملے گی۔
سینئر حکومتی عہدیداروں نے بتایا کہ دونوں اہم پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں یکم اگست سے نمایاں طور پر کمی آنے والی تھی لیکن روپے کی قدر میں کمی اور پی ڈی ایل اور ڈیلر کمیشن میں اضافے جیسے عوامل نے صارفین کو بین الاقوامی سطح پر قیمتوں میں کمی کے فائدے سے محروم کردیا۔
ان عہدیداروں نے کہا کہ حکومت نے آئی ایم ایف کے ساتھ ہائی اسپیڈ ڈیزل، مٹی کے تیل اور لائٹ ڈیزل آئل پر لیوی میں 10 روپے فی لیٹر اور پٹرول پر 5 روپے فی لیٹر اضافے کے لیے آئی ایم ایف کے ساتھ پیشگی کارروائی کا عہد کیا تھا تاکہ اگست کے آغاز میں تمام مصنوعات پر 15 روپے فی لیٹر کی یکساں شرح کو یقینی بنایا جاسکے، اس وقت پٹرول پر لیوی 10 روپے فی لیٹر اور ہائی اسپیڈ ڈیزل، مٹی کے تیل اور لائٹ ڈیزل آئل پر 5 روپے فی لیٹر ہے۔
اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے پہلے ہی پٹرول پر ڈیلرز کے کمیشن میں قریباً 43 فیصد اور ہائی اسپیڈ ڈیزل پر 70 روپے فی لیٹر اضافے کی منظوری دے دی ہے جس سے پٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل پر بالترتیب 2.10 روپے اور 2.87 روپے فی لیٹر کا اضافی اثر پڑے گا۔
روپے کی قدر میں کمی نے بھی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں عالمی سطح پر کمی سے صارفین کو ملنے والے ریلیف پر منفی اثر ڈالا۔