اسلام آباد: قوم کے لیے خوش خبری، بین الاقوامی منڈی میں خام تیل کے نرخوں میں کمی کے ثمرات حکومت نے فوری طور پر عوام کو منتقل کرتے ہوئے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑی کمی کردی۔
وزارت خزانہ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق آئندہ پندہ روز کے لیے پٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 14 روپے جب کہ ڈیزل کی قیمت میں 13 روپے 50 پیسے کی کمی کی گئی ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق مٹی کے تیل کی قیمت میں 10 روپے 14 پیسے فی لیٹر اور لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت میں 11 روپے 29 پیسے کمی کی گئی ہے۔
وزارت خزانہ کے مطابق نئی قیمتوں کا اطلاق رات بارہ بجے سے ہوگا اور قیمتیں 31 دسمبر کی رات بارہ بجے تک نافذالعمل رہیں گی۔
پٹرول کی قیمت 14 روپے کی کمی کے بعد 267.34 روپے، ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 13.50 روپے کی کمی سے 276.21 روپے فی لیٹر ہوگئی ہے۔
اسی طرح مٹی کے تیل کی قیمت 10.14 روپے فی لیٹر کی کمی کے بعد 191.02 روپے فی لیٹر جب کہ لائٹ ڈیزل آئل (ایل ڈی او) کی قیمت 11.29 روپے فی لیٹر کمی کے بعد 164.64 روپے فی لیٹر ہوگئی ہے۔