اسلام آباد: گیس و پٹرولیم کی تلاش کرنے والی کمپنیوں نے پاکستان میں 5 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرنے کا اعلان کردیا۔
وزیرِاعظم سے پٹرولیم اور گیس کے شعبے کی تلاش و پیداواری کمپنیوں کے وفد نے ملاقات کی، جس میں وزیراعظم نے کمپنیوں کو آف شور ذخائر ڈھونڈنے کی دعوت دی۔
اجلاس میں پٹرولیم، گیس کی تلاش اور پیداواری کمپنیوں کے وفد نے پاکستان میں 5 ارب ڈالر سرمایہ کاری کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ آپ پہلے وزیراعظم ہیں، جو سنجیدگی سے اس شعبے پر توجہ دے رہے ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ 3 سال میں پٹرولیم اور گیس کی تلاش کے لیے پاکستان میں 240 جگہ کھدائی کی جائے گی۔
اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں مقامی سطح پر تیل اور گیس کے ذخائر کی تلاش ہماری اولین ترجیح ہے، پاکستان تیل اور گیس کی درآمد پر ہر سال اربوں ڈالر خرچ کرتا ہے، مقامی ذخائر کی پیداوار سے پاکستان کا زرمبادلہ بچے گا جب کہ ایندھن اور گیس کی قیمت کم ہوگی۔
وزیرِاعظم نے متعلقہ حکام کو شعبے کے تمام مسائل کا ترجیحی بنیادوں پر حل پیش کرنے کی ہدایت دی۔