پشاور: صوبہ کے پی کے بلدیاتی انتخابات میں حکمران جماعت پی ٹی آئی کو بڑا دھچکا پہنچا ہے۔
پہلے مرحلے میں 17 اضلاع میں انتخابات ہوئے جن میں سٹی میئر اور تحصیل چیئرمین کی نشستوں پر کڑا مقابلہ ہوا۔
انتخابات میں جمعیت علماء اسلام کو برتری حاصل ہے جب کہ پاکستان تحریک انصاف کو کئی مقامات پر اپ سیٹ شکست کا سامنا ہے۔ ابتدائی نتائج میں جے یوآئی پچھلے بلدیاتی انتخابات میں پی ٹی آئی کو ملنے والی برتری ختم کرنے میں کامیاب ہوگئی ہے۔
خیبرپختونخوا کے 17 اضلاع کی 64 تحصیلوں میں منعقد ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں ابتدائی نتائج کے مطابق تحصیل چیئرمین کے لیے جمعیت علماءاسلام 10 نشستوں کے ساتھ سرفہرست ہے۔ حکمران جماعت پی ٹی آئی کا 9 سیٹوں کے ساتھ دوسرا نمبر ہے۔
آزاد امیدوار 6 نشستوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔ اے این پی بھی 5 سیٹیں لے اڑی۔ ن لیگ تین نشستوں پر، جماعت اسلامی دو پر کامیاب ہوگئی۔ پیپلزپارٹی کے حصے میں صرف ایک سیٹ آئی۔
پشاور میں تحریک انصاف کو بڑا دھچکا لگا۔ 7 تحصیلوں میں سے پی ٹی آئی صرف ایک نشست جیت سکی۔ جے یو آئی اب تک 3 اور اے این پی دو تحصیل کونسلز جیتنے میں کامیاب ہوگئی۔
پشاور سٹی میئر کی نشست پر بھی جے یو آئی نے میدان مار لیا اور الیکشن بھاری اکثریت سے جیت لیا۔ جے یو آئی کے زبیر علی کو 11 ہزار ووٹوں کی برتری حاصل ہوئی جب کہ پی ٹی آئی کے رضوان بنگش دوسرے نمبر پر رہے۔
مردان میں پی ٹی آئی کا صفایا ہوگیا، 3 تحصیلوں پر جمعیت علماء اسلام ف کامیاب قرار پائے جب کہ 2 تحصیلوں پر اے این پی کے امیدواروں نے میدان مارلیا۔
بنوں کی تحصیلوں میں سٹی میئر کی سیٹ پر پی ٹی آئی کو سبقت حاصل ہے۔ تحصیل رستم، بونیر، کاگرہ، گدیذئی، ڈگر اور گمبٹ کی چیئرمین کی نشستیں پی ٹی آئی نے جیت لی ہیں۔
تحصیل چیئرمین شبقدر کی نشست پر جے یو آئی کے حمزہ آصف 33 ہزار 244 ووٹ لے کر کامیاب ہوگئے ہیں۔
ٹانک کی دونوں تحصیلوں میں بھی جے یو آئی کے امیدوار کامیاب ہوگئے ہیں۔
تحصیل نورنگ میں جماعت اسلامی کے امیدوار حاجی عزیز اللہ 17 ہزار ووٹ لے کر الیکشن جیت گئے ہیں۔