پشاور: پی ٹی آئی پارلیمنٹیرین کے چیئرمین پرویز خٹک پارٹی کی رکنیت اور چیئرمین شپ سے مستعفی ہوگئے۔
سابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا اور سابق وزیر دفاع پرویز خٹک نے اپنا استعفیٰ پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کو بھجوادیا، جس میں انہوں نے لکھا کہ میں صحت کے مسائل کی وجہ سے پارٹی کے لیے اپنی ذمے داریاں جاری نہیں رکھ سکتا، اس لیے مستعفی ہورہا ہوں۔
پی ٹی آئی پارلیمنٹیرینز کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی نے پرویز خٹک کا استعفیٰ منظور کرتے ہوئے ان کی جگہ محمود خان کو پی ٹی آئی پارلیمنٹیرین کا نیا چیئرمین مقرر کردیا ہے۔
سیکریٹری اطلاعات پی ٹی آئی پارلیمنٹرین ضیاء اللہ بنگش کا کہنا ہے کہ محمود خان جلد عہدہ سنبھال کر پارٹی کے امور سرانجام دیں گے۔ سینٹرل کمیٹی نے نئے چیئرمین کی منظوری دے دی ہے۔
دھیان رہے کہ گزشتہ سال پرویز خٹک نے پاکستان تحریک انصاف سے علیحدگی اختیار کرتے ہوئے پی ٹی آئی پارلیمنٹرینز کے نام سے جماعت بنائی تھی، تاہم عام انتخابات میں پرویز خٹک کو بری طرح شکست ہوئی اور ان کی جماعت خیبر پختونخوا اسمبلی کی صرف دو نشستیں حاصل کرسکی۔