پرتھ: پاکستان اور آسٹریلیا کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان ٹیسٹ سیریز کے پہلے میچ کے اولین روز کھیل کے اختتام تک میزبان نے پاکستان کے خلاف 5 وکٹوں کے نقصان 84 اوورز میں 346 رنز بنالیے۔
آسٹریلوی اوپنر ڈیوڈ وارنر نے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور عثمان خواجہ کے ہمراہ پہلی وکٹ کی شراکت میں 126 رنز بنائے، تاہم خواجہ 41 رنز بناکر پویلین لوٹے جب کہ مارنوس لبوشین 16، اسٹیو اسمتھ 31 اور ٹریوس ہیڈ 40 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔ اوپنر ڈیوڈ وارنر 164 رنز کی اننگز کھیل کر عامر جمال کا شکار بنے۔
مچل مارش 15 اور الیکس کیری 14 رنز بناکر کریز پر موجود ہیں۔
پاکستان کی جانب سے عامر جمال نے 2 جب کہ شاہین شاہ آفریدی، خرم شہزاد اور فہیم اشرف نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا، اس موقع پر قومی ٹیم کے کپتان شان مسعود نے کہا کہ اگر ٹاس جیتتا تو پہلے بیٹنگ کرنے کا ہی فیصلہ کرتا۔
پہلے ٹیسٹ کی پاکستانی الیون میں کپتان شان مسعود، امام الحق، عبداللّٰہ شفیق، بابراعظم، سعود شکیل، سرفراز احمد، سلمان علی آغا، فہیم اشرف، شاہین شاہ آفریدی، عامر جمال اور خرم شہزاد شامل ہیں۔
آسٹریلوی الیون میں کپتان پیٹ کمنز، ڈیوڈ وارنر، عثمان خواجہ، مارنوس لبوشین، اسٹیو اسمتھ، مچل مارش، ٹریوس ہیڈ، الیکس کیری، مچل اسٹارک، نیتھن لائن اور جوش ہیزل ووڈ شامل ہیں۔