کراچی: بچوں کے عالمی دن کے موقع پر اداکارہ اور یونیسیف پاکستان کی نیشنل ایمبیسیڈر برائے چائلڈ رائٹس، صبا قمر نے پاکستان میں بچوں کے حقوق اجاگر کرنے پر زور دیا ہے۔
سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی ایک ویڈیو میں صبا قمر نے عوام سے اپیل کی کہ وہ بچوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے ایک ساتھ کھڑے ہوں۔
صبا قمر نے کہا کہ ہر بچے کو سیکھنے، صحت مند ماحول میں پروان چڑھنے، محفوظ زندگی گزارنے اور اپنے مستقبل سے متعلق فیصلوں کے لیے آواز اٹھانے کا حق حاصل ہے۔ صبا قمر کا اپنے پیغام میں کہنا تھا کہ اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں قریباً 1.9 کروڑ بچیاں کم عمری کی شادیوں کا شکار ہیں جب کہ نصف سے زیادہ کم عمر لڑکیاں 18 سال سے پہلے ہی حمل کا سامنا کرتی ہیں، جو ماں اور بچے دونوں کے لیے خطرناک ثابت ہوسکتا ہے۔
صبا قمر نے عوام سے درخواست کی کہ وہ ملک بھر میں پاکستان کو نیلا بناکر ایسی بچوں اور بچیوں سے یکجہتی کا اظہار کریں، جو ورلڈ چلڈرنز ڈے کی علامتی پہچان ہے۔
یاد رہے کہ 2024 میں یونیسیف نے صبا قمر کو پہلی نیشنل ایمبیسیڈر برائے چائلڈ رائٹس مقرر کیا تھا۔ صبا قمر نے بچوں کی تعلیم، ذہنی صحت، صنفی مساوات، کم عمری کی شادی اور تشدد جیسے مسائل کے بارے میں آگاہی بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔