راولپنڈی: قومی کرکٹ ٹیم نے پہلے ایک روزہ میچ میں زمبابوے کو 26 رنز سے شکست دے دی۔
تین ایک روزہ میچوں کی سیریز کے پہلے مقابلے میں پاکستان کی جانب سے دیے گئے ہدف کے تعاقب میں زمبابوے کی پوری ٹیم شاہین آفریدی اور وہاب ریاض کی زبردست بولنگ کی بدولت آخری اوور میں 255 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔
زمبابوے کی جانب سے بی بی چھاری اور چی بھا بھا نے کھیل کا آغاز کیا تاہم شاہین شاہ آفریدی کے ہاتھوں چھاری صرف 2 رنز اور اس کے کچھ دیر بعد چی بھا بھا بھی 12 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے جس کے بعد اروائن عماد وسیم کے ہاتھوں 42 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے جب کہ کین صرف 4 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔
115 رنز پر 4 وکٹیں گرنے کے بعد وکٹ کیپر بلے باز برینڈن ٹیلر اور ویزلے مدیورے نے 119 رنز کی شراکت قائم کی، اس دوران دونوں بلے بازوں نے نصف سنچریاں مکمل کیں، ویزلے 55 رنز بنانے کے بعد وہاب ریاض کا شکار بنے تاہم ٹیلر نے شاندار سنچری اسکور کی اور وہ 112 رنز بنانے کے بعد شاہین آفریدی کا شکار بنے۔
شاہین آفریدی اور وہاب ریاض کی آخری اوورز میں جاندار بولنگ نے بلے بازوں کی ایک نہ چلنے دی۔ پاکستان کی جانب سے شاہین آفریدی نے زبردست بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 5 کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا جب کہ وہاب ریاض نے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
اس سے قبل پاکستان نے زمبابوے کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، قومی ٹیم کی جانب سے اننگز کا آغاز امام الحق اور عابد علی نے کیا تاہم 47 رنز کی اوپننگ شراکت کے بعد عابد علی21 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے جب کہ امام الحق نے 58 رنز کی اننگز کھیلی اور رن آؤٹ ہوئے۔
کپتان بابراعظم بھی خاص کارکردگی نہ دکھا سکے اور صرف 19 رنز پر پویلین لوٹ گئے، 119 رنز پر 3 وکٹیں گنوانے کے بعد حارث سہیل نے ٹیم کو سنبھالا اور 71 رنز کی اننگز کھیلی تاہم 205 کے مجموعے پر وہ بھی آؤٹ ہوگئے جس کے بعد عماد وسیم اور فہیم اشرف نے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا جس کے باعث قومی ٹیم مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 281 رنز بناسکی۔