کراچی: اپوزیشن اتحاد پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے کہا ہے کہ اگر اس حکومت کو سمندر برد نہیں کیا تو ملکی سلامتی کو خطرات لاحق ہوں گے، پی ٹی آئی حکومت چوری کے ووٹوں سے آئی ہے۔
مولانا فضل الرحمٰن کا کراچی میں مہنگائی اور بے روزگاری کے خلاف ریگل چوک پر احتجاجی مظاہرین سے خطاب میں کہنا تھا کہ غربت سے تنگ عوام نے پارلیمنٹ لاجز کے سامنے بچے فروخت کے لیے رکھے ہوئے ہیں، معیشت مستحکم ہونے سے ہی قومیں مضبوط ہوتی ہیں، تاریخ گواہ ہے جہاں اقتصادی بحران آیا وہاں بغاوت نے جنم لیا، جو حکومت قوم کی رسوائی کا سبب بنے اسے اقتدار میں رہنے کا کوئی حق نہیں، ہم نے پہلے دن ہی کہا تھا کہ یہ حکومت ناجائز اور نااہل ہے۔
انہوں نے کہا کہ نااہل حکمران بھیک مانگ کر وقت گزار رہے ہیں، دنیا بھر میں 22 کروڑ عوام کی رسوائی ہورہی ہے، قوم کی رسوائی کا سبب بننے والوں کو حکمرانی کا حق حاصل نہیں۔
سربراہ پی ڈی ایم کا کہنا تھا کہ یہ حکومت ملک کو تباہی کی طرف لے جارہی ہے، ملک میں مزدور، دکان دار اور ملازمت پیشہ لوگ حکومت سے مایوس ہوچکے، پی ڈی ایم قوم کی آواز ہے، ہم ملک کی بقا کی جنگ لڑرہے ہیں، اس حکومت کو سمندر برد نہ کیا تو ملک کی سلامتی کا سوال پیدا ہوگا۔
احتجاجی جلسے سے خطاب میں مسلم لیگ (ن) کے رہنما شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ یہ حکومت عوام کے ووٹ سے نہیں چوری شدہ الیکشن کے نتیجے میں برسراقتدار آئی، جس ملک میں الیکشن چوری ہوں وہاں مہنگائی ہوتی ہے، 30 روپے کلو والا آٹا 80 روپے فی کلو میں فروخت ہورہا ہے، بجلی کی قیمت میں تین گنا اضافہ کردیا گیا ہے، اور کل ہی گیس کی لوڈشیڈنگ کی خبر عوام کو سنائی گئی ہے۔ مہنگائی اور ملک کی مشکلات کا حل آئین کے مطابق ملک چلانے میں ہے۔
سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پوری دنیا میں کوئی پاکستان کی بات سننے کو تیار نہیں، عوام اس نظام کو قبول کرنے کو تیار نہیں، فوری اور شفاف الیکشن کے سوا اب کوئی حل نہیں۔ پی ڈی ایم اقتدار کی بات نہیں کرتی، تمام جماعتیں آئین کی بالادستی کے یک نکاتی ایجنڈے پر ہیں۔
پختونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہم نے پی ڈی ایم ڈی چوک پر نہیں بنائی، اور نہ ہی ہم نے اسے اس لیے بنایا کہ ہم فارغ تھے، ہمیں اپنی عزت پیاری تھی۔