کینبرا: اسکینڈل کے سامنے آنے کے بعد ٹم پین ٹیسٹ قیادت سے مستعفی ہوگئے تھے اب کرکٹ آسٹریلیا نے اُن کی جگہ پیٹ کمنز کو آسٹریلوی ٹیسٹ ٹیم کا نیا کپتان مقرر کیا ہے۔ اسٹیو اسمتھ ان کے نائب ہوں گے۔
نازیبا میسیجز اسکینڈل سامنے آنے پر کپتانی سے ہاتھ دھونے والے ٹم پین نے ذہنی طور پر پُرسکون ہونے کے لیے غیر معینہ مدت کے لیے کرکٹ سے دوری اختیار کرلی ہے۔
کرکٹ آسٹریلیا کے مطابق پیٹ کمنز نے کپتانی کی ذمے داری ملنے کو اعزاز قرار دیا ہے، پیٹ کمنز کا کہنا ہے کہ ٹم پین نے بطور لیڈر جس طرح ٹیم کو کامیابی کی راہ پر گامزن کیا ہے، ان کی بھی کوشش ہوگی کہ فتوحات کے یہ تسلسل قائم رکھ کر ملک کا نام کھیل میں مزید اونچا کریں۔ اسٹیو اسمتھ اور ان جیسے دوسرے تجربہ کار کھلاڑیوں کی مشاورت سے اس ذمے داری کو اچھے انداز میں نبھانے کی کوشش ہوگی۔
دوسری جانب اسٹیو اسمتھ نے بھی نائب کپتان بننے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے پیٹ کمنز کی بھرپور معاونت کا عزم ظاہر کیا ہے۔
خیال رہے کہ انگلینڈ اور آسٹریلیا کے درمیان روایتی ایشنر سیریز کا آغاز 8 دسمبر سے ہورہا ہے۔