ریوڈی جنیرو: برازیل میں پارانا سے ساؤ پاؤلو جانے والا مسافر طیارہ گر کر تباہ ہوگیا اور طیارے میں سوار تمام 62 مسافر زندگی کی بازی ہارگئے۔
معروف بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق جائے وقوع پر موجود حکام نے بتایا کہ تباہ ہونے والے طیارے میں سوار تمام مسافر ہلاک ہوگئے ہیں۔
سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی ویڈیوز میں دیکھا جاسکتا ہے کہ طیارہ درختوں کے درمیان لڑکھڑاتے ہوئے نیچے آرہا اور دھواں اٹھ رہا ہے۔
ویلنہوس میں موجود شہری انتظامیہ کے عہدیداروں نے بتایا کہ طیارے میں جتنے لوگ سوار تھے، ان میں سے کوئی بھی زندہ نہیں بچا اور طیارہ گرنے سے صرف ایک گھر کو نقصان پہنچا ہے اور کسی شہری کو نقصان نہیں پہنچا۔
برازیل کے صدر لوئز اناشیو لولا ایک تقریب میں شریک تھے، جہاں انہوں نے طیارے کے حادثے کی خبر ملتے ہی کہا کہ بری خبر ملی ہے اور اجتماع میں شریک افراد کو ایک منٹ خاموشی اختیار کرنے کو کہا۔
ایئرلائن وئے پاس نے بیان میں کہا کہ جہاز ریاست پارانا میں کیسکیویل سے ساؤپاؤلو کے مرکزی ایئرپورٹ کے لیے روانہ ہوا تھا، لیکن ساؤپاؤلو کے شمال مغرب میں 80 کلومیٹر پر وینہیڈو میں گرگیا۔
بیان میں کہا گیا کہ طیارہ حادثے سے متعلق مزید تفصیلات نہیں دی جاسکتیں۔