کراچی: پسوڑی گانے سے شہرت پانے والی گلوکارہ شے گل نے حال ہی میں اپنے اصل نام سے مداحوں کو آگاہ کیا ہے۔
اداکارہ دنانیر مبین کے پروگرام میں شے گل نے انکشاف کیا کہ ان کا اصل نام انوشے بابر گل ہے تاہم انہیں میوزک انڈسٹری میں شے گل کے نام سے جانا جاتا ہے۔
شے گل نے بتایا کہ شے کا نِک نام ان کے یونیورسٹی کے دنوں میں وجود میں آیا، جب ان کے ایک دوست نے ان کی مشابہت مشہور ڈرامہ سیریز گیم آف تھرونز کے ایک کردار سے کی اور انہیں شے کہنا شروع کر دیا۔
یہ نام وقت کے ساتھ ان کی شناخت کا حصہ بن گیا اور انہوں نے اپنے اصل خاندانی نام کے ساتھ اسے اپنا اسٹیج نام بنالیا۔ یوں شے گل ان کا پیشہ ورانہ نام بن گیا، جو میوزک انڈسٹری سمیت ان کے مداحوں کے درمیان مقبول ہے۔
خیال رہے کہ شے گل نے اپنی منفرد گائیکی اور پسوڑی جیسے ہٹ گانے کی بدولت مقامی اور بین الاقوامی سطح پر شہرت حاصل کی۔ ان کی آواز اور انداز نے موسیقی کے شائقین کو بے حد متاثر کیا ہے۔ شے گل اپنے منفرد اسلوب کی بدولت پاکستانی موسیقی میں ایک نمایاں مقام رکھتی ہیں۔