اسلام آباد: سینیٹ انتخابات کے لیے مسلم لیگ (ن) کے امیدوار پرویز رشید کے کاغذات نامزدگی مسترد جب کہ یوسف رضا گیلانی کے کاغذات نامزدگی منظور کرلیے گئے ہیں۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے سینیٹ الیکشن کے لیے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کا آج آخری روز ہے، اسلام آباد سمیت چاروں صوبائی دارالحکومتوں میں ریٹرننگ افسران نے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کی، امیدواروں کی جانب سے جمع کرائے گئے کوائف کی تصدیق کے لیے ریٹرننگ افسران کو نادرا، اسٹیٹ بینک اور ایف بی آر سمیت تمام متعلقہ اداروں کی مکمل معاونت حاصل ہے۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے اسلام آباد میں سینیٹ انتخابات کے لیے مقرر ریٹرننگ آفیسر نے سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے کاغذات نامزدگی پر تحریک انصاف کے اعتراضات پر گزشتہ روز سماعت مکمل کرکے فیصلہ آج تک کے لیے محفوظ کیا تھا۔
ریٹرننگ آفیسر نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد یوسف رضا گیلانی کے کاغذات نامزدگی پر تحریک انصاف کے اعتراضات مسترد کرتے ہوئے انہیں سینیٹ الیکشن لڑنے کے لیے اہل قرار دے دیا ہے۔ فیصلے میں کہا گیا کہ یوسف رضا گیلانی کی 5 سالہ نااہلی ختم ہوچکی جب کہ ان کے مقدمات عدالتوں میں زیر التوا ہیں، زیر التوا مقدمات پر کسی کو الیکشن لڑنے سے نہیں روکا جاسکتا۔
پی ٹی آئی کے فرید رحمان کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا تھا کہ یوسف رضا گیلانی آرٹیکل 62 اور 63 پر پورا نہیں اترتے، وزیراعظم کے حلف کی خلاف ورزی کرنے پر نااہلی تاحیات ہے، ان کے خلاف نیب میں ریفرنس زیر التوا ہیں، اس لیے انہیں سینیٹ انتخابات لڑنے کی اجازت نہیں ہونی چاہیے۔
تحریک انصاف نے مسلم لیگ (ن) کے پرویز رشید پر اہم قومی راز افشاں کرنے، اداروں کے خلاف بات کرنے، پنجاب ہاؤَس کے 95 لاکھ روپے کے نادہندہ ہونے اور کاغذات نامزدگی میں جنرل نشست جب کہ بیان حلفی میں ٹیکنوکریٹ کا ذکر ہونے کی بنیاد پر اعتراض داخل کیا تھا، ریٹرنگ افسر نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد پرویز رشید کے کاغذات نامزدگی مسترد کردیے۔
پرویزرشید نے الیکشن کمیشن کافیصلہ چیلنج کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ میں تنقید کرتا ہوں اس لیے مجھے ایوان سے باہر رکھنے کی کوشش کی گئی، جو تقریر عمران خان سے برداشت نہیں وہ آواز خاموش کرنا چاہتے ہیں، کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کے خلاف اپیل میں جاؤں گا۔
ریٹرننگ افسر نے سندھ سے سینیٹ کی نشست کے امیدوار فیصل واوڈا کے کاغذات نامزدگی منظور کرلیے ہیں۔ سینیٹ کی جنرل سیٹ کے امیدوار فیصل واوڈا الیکشن کمیشن سندھ پہنچے اور اپنے تائید و تجویز کنندہ کے ہمراہ ریٹرننگ افسر کے دفتر میں گئے تو ان کے خلاف درخواست گزار وکلا بھی اندر جانے لگے مگر الیکشن کمیشن کے عملے اور پولیس نے ان کے ہمراہ موجود غیر متعلقہ افراد کو جانے سے روک دیا اسی پر تلخ کلامی شروع ہوگئی، بحث و مباحثے کے دوران نعرے بازی بھی شروع ہوگئی، اس دوران پولیس کی اضافی نفری بلاکر الیکشن کمیشن کے گیٹ بند کردیے اور غیر متعلقہ افراد کو باہر نکال دیا، صورتحال کچھ دیر میں معمول پر آگئی۔
دوسری جانب پنجاب سے تحریک انصاف کی نیلم ارشاد کے خواتین نشست پر کاغذات نامزدگی مسترد ہوگئے ہیں جب کہ فرحت شہزادی نے اپنے کاغذات نامزدگی واپس لے لیے ہیں۔
خیال رہے کہ کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کا آج آخری دن ہے، 3 مارچ کو سینیٹ کے الیکشن ہوں گے۔