اسلام آباد: سابق صدر زرداری پر فرد جرم عائد کرنے کی کارروائی احتساب عدالت نے موخر کردی۔
احتساب عدالت کے جج اعظم خان نے پارک لین ریفرنس کی سماعت کی۔ آصف علی زرداری وڈیو لنک کے ذریعے عدالت میں پیش ہوئے اور ان کی حاضری لگائی گئی۔
آصف زرداری کے وکیل فاروق ایچ نائیک نے فرد جرم عائد ہونے سے روکنے کے لیے ایک اور درخواست دیتے ہوئے کہا کہ جب تک کام کی باتیں نہ ہوں تب تک فرد جرم عائد نہیں کی جاسکتی۔
عدالت نے کہا کہ آپ عین اس دن درخواست دائر کررہے ہیں جب سب چیزیں تیار ہیں اور فرد جرم عائد کرنا ہے۔
فاروق نائیک نے کہا کہ اس کے لیے پڑھنا پڑتا ہے، چیزیں نکالنی پڑتی ہیں، گورنر اسٹیٹ بینک کے لیے قانون کے مطابق نوٹس دینا ضروری تھا، ہم مہینہ نہیں مانگ رہے، مناسب وقت دیں، آئندہ منگل کو یہ کیس سماعت کے لیے رکھ لیں، میں نے ریسرچ کرنی ہے۔
عدالت نے سابق صدر آصف علی زرداری پر فرد جرم عائد کرنے کی کارروائی موخر کرتے ہوئے پارک لین ریفرنس کی سماعت 14 جولائی تک ملتوی کردی۔