کراچی: پری زاد ڈرامے نے ناظرین کی بڑی تعداد کو اپنے سحر میں جکڑے رکھا، اب اس کے مصنف ہاشم ندیم نے ڈرامہ کا سیکوئل بنانے کا عندیہ ظاہر کیا ہے۔
ذرائع ابلاغ کی رپورٹ کے مطابق نجی ٹی وی پر نشر کیے گئے ڈرامے پری زاد میں اداکار احمد علی اکبر نے مرکزی کردار نبھایا، جنہوں نے اس کردار کے لیے اپنی ظاہری شخصیت کو بھی تبدیل کیا، پری زاد ایک سانولے رنگت کے حامل نوجوان کی کہانی ہے جو اپنی وفاداری، ایمان داری اور خودداری کی وجہ سے ورکشاپ میں کام کرنے والے معمولی انسان سے ایک بہت امیر بزنس مین بن جاتا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ ڈرامے کے مصنف ہاشم ندیم نے سماجی رابطے کی سائٹ انسٹاگرام پر اداکار احمد کی تصویر شیئر کی جس پر لکھا تھا ’’چیپٹر 2‘‘۔ اس سے اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ ڈرامے کے سیکوئل پر کام ہوگا۔
اس حوالے سے ڈرامہ پروڈکشن انتظامیہ کی جانب سے کوئی وضاحت پیش نہیں کی گئی اور نہ ہی ہاشم ندیم نے تفصیلات ظاہر کی ہیں۔