پپیتا صحت کے لیے زبردست فوائد کا حامل

کراچی: پپیتا صحت کے حوالے سے خاصا فائدہ مند ہے اور اس کے زبردست فوائد ہوتے ہیں، اپنی گوناگوں خصوصیات کی بنا پر پپیتا ایک شاندار پھل ہے، لیکن اس پر بہت کم لکھا اور پڑھا گیا ہے۔ پپیتے میں موجود طبی خواص کسی مہنگی دوا سے بھی زیادہ ہوتے ہیں۔
یہ پھل وٹامن اے، بی، سی، ای، کیلشیئم، فائبر، میگنیشیئم، پوٹاشیئم اور کئی اقسام کے اینٹی آکسیڈنٹس سے بھرپور ہوتا ہے۔ اس میں موجود لیوٹائن، کریٹونوئڈز اور زیکسینتھائن صحت کے لیے بہت ہی مفید قرار پائے گئے ہیں۔
پپیتا پورے نظامِ ہاضمہ کو قوت دیتا ہے۔ پیٹ اور معدے کے کئی امراض دُور کرنے میں یہ ایک مؤثر دوا کا درجہ رکھتا ہے۔ اگر صبح خالی پیٹ پپیتا کھایا جائے تو فائبر کی وجہ سے یہ قبض ختم کرتا ہے اور بدہضمی و تیزابیت کو بھی ختم کرتا ہے۔
صبح کے وقت پپیتا کھانے سے وزن گھٹانے میں مدد ملتی ہے۔ ریشے کی وجہ سے یہ بہت دیر تک پیٹ بھرے کا احساس دیتا ہے۔ اس طرح بار بار کھانے کی اشتہا کم ہوتی ہے اور موٹاپے کو کم کرنے میں مدد ملتی ہے۔
وٹامن سی اور اینٹی آکسیڈنٹس کی موجودگی میں پپیتا نہایت مؤثر انداز میں امینیاتی قوت بڑھاتا ہے جو بدن کا قدرتی دفاعی نظام بھی ہے۔ اس کے بعد بیماریوں اور انفیکشن سے بچاؤ میں مدد دیتا ہے۔ صبح سویرے پپیتا کھانے سے جسم کے فاضل زہریلے اجزا بھی ختم ہوتے ہیں۔ اسی وجہ سے یہ ایک بہترین ڈی ٹاکسیفائر بھی ہے۔
پپیتا کولیسٹرول گھٹاتا ہے، ذیابیطس کو روکتا ہے اور دل کو قوت دیتا ہے۔ اس کے علاوہ کئی اجزا بلڈپریشر قابو میں رکھنے میں مدد دیتے ہیں۔
ہر صبح پپیتا کھانے سے جلد پر نکھار بڑھ جاتا ہے۔ اس کی وجہ وٹامن سی اور اینٹی آکسیڈنٹس ہے جو جلد کے خلیات کی مرمت بھی کرتی ہیں۔ پپیتا فری ریڈیکل بننے سے روکتا اور جلد کو شفاف رکھتا ہے۔

 

Blood PressureGood for healthHeartPapayaResearch