ملک بھر میں آج یوم یکجہتی فلسطین: ریلیاں اور مظاہرے!

کراچی/ اسلام آباد/ لاہور: ملک بھر میں آج یوم یکجہتی فلسطین منایا جارہا ہے۔ شہر شہر ریلیاں نکالی جارہی ہیں۔ ریلیوں میں زندگی کے ہر طبقۂ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد شریک ہیں۔ شرکا نے دنیا سے فلسطین پر اسرائیل کا غاصبانہ قبضہ ختم کرانے کا مطالبہ کیا۔
نماز جمعہ کے بعد ملک بھر میں فلسطینیوں کے حق میں چھوٹے بڑے مظاہرے ہوئے۔ جماعت اسلامی پاکستان کی جانب سے بھی اسلام آباد، کراچی، لاہور، گوجرانوالا سمیت ملک بھر میں لبیک القدس احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔
لاہور میں فلسطینی مسلمانوں سے یکجہتی کے لیے ریلی نکالی گئی جس میں کثیر تعداد میں شہری شریک ہوئے جب کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے ریلی سے خطاب میں جہاں اسرائیلی فورسز کے مظالم کی مذمت کی، وہیں وزیراعظم کی کوششوں کو سراہا۔
پنجاب اسمبلی میں بھی فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کیا گیا۔ مسلم لیگ ن کے ارکان فلسطینی جھنڈے لے کر ایوان میں پہنچے اور اسرائیل کے خلاف نعرے بازی کی جب کہ حمزہ شہباز نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے اسرائیلی مظالم کے خلاف متفقہ لائحہ عمل اپنانے پر زور دیا۔
وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوھری نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ ہم سب فلسطین ہیں، سیز فائر ہونا کامیابی ہے، حقوق ملنے تک ہم آپ کے ساتھ ہیں، پاکستان کا ہر فرد وزیراعظم عمران خان کے ساتھ ہے۔
پریس کلب لاہور کے باہر آل پاکستان کلرکس ایسوسی ایشن کی جانب سے فلسطینی بھائیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے ریلی نکالی گئی۔ جس کی قیادت صدر ایپکا حاجی محمد ارشاد نے کی۔ شرکا نے اسرائیل کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔
فیصل آباد میں ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف نے ریلی نکالی۔ ریلی کے شرکاء نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر فلسطینیوں کے حق میں نعرے درج تھے۔
سرگودھا اور شیخوپورہ میں نکالی گئی ریلیوں میں شہریوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ شرکا نے پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر اسرائیل مخالف نعرے درج تھے۔
فلسطینیوں پر اسرائیلی مظالم کے خلاف بہاولپور میں بھی ریلی نکالی گئی جس میں کثیر تعداد میں شہری شریک ہوئے اور اسرائیلی مظالم کے خلاف نعرے بازی کی۔ وہاڑی اور نوشہروفیروز میں بھی صہیونی فورسز کے مظالم کے خلاف بھرپور آواز اٹھائی گئی۔ ریلیوں کے شرکا نے دنیا پر اسرائیلی مظالم رکوانے پر زور دیا۔
صوابی اور کرک میں بھی اسرائیلی مظالم کے خلاف شہری سڑکوں پر نکل آئے اور شدید نعرے بازی کی۔ اس کے ساتھ جہانیاں، لیاقت پور، ساہیوال، نواب شاہ، لاڑکانہ، کندیاں، احمدپور شرقیہ، روجھان، کشمور، ظاہر پیر، قصور، ڈیرہ بگٹی اور مریدکے میں بھی اسرائیلی مظالم کے خلاف ریلیاں نکالی گئیں۔

Across PakistanPalestine Solidarity Day