مقبوضہ بیت المقدس: اسرائیل کے انتخابات میں سابق وزیراعظم نیتن یاہو اور دائیں بازو اتحاد کی متوقع کامیابی پر فلسطینی حکام نے تشویش کا اظہار کیا ہے۔
فلسطینی تنظیم حماس نے سابق وزیراعظم نیتن یاہو اور دائیں بازو اتحاد کی متوقع کامیابی پر کشیدگی بڑھنے کا خدشہ ظاہر کردیا۔
حماس کا کہنا تھا کہ اسرائیل میں دائیں بازو کی اتحادی حکومت کا مطلب فلسطینیوں کو مزید صہیونی دہشت گردی کا سامنا ہوگا۔
دوسری جانب ایرانی پاسداران انقلاب کے کمانڈر حسین طالب کا کہنا ہے کہ نیتن یاہو کی اقتدار میں دوبارہ واپسی امریکا کے لیے نیا چیلنج ہوگی، جو امریکا میں ڈیموکریٹس کی حکومت کمزور کردے گی۔
واضح رہے کہ اسرائیل میں سیاسی عدم استحکام کے بعد منگل کو عام انتخابات کیلئے ووٹنگ ہوئی، اسرائیل میں چار سال سے بھی کم عرصے میں پانچویں بار انتخابات ہوئے ہیں۔
حکومت بنانے کے لیے کسی بھی جماعت کو اسرائیلی پارلیمنٹ کی 61 نشستوں پر اکثریت حاصل کرنا ضروری ہے۔
اسرائیل میں 8 جماعتوں کا اتحاد گزشتہ سال نیتن یاہو کا 12 سالہ اقتدار ختم کرنے میں کامیاب ہوا تھا لیکن اتحادی جماعتوں کا سیاسی عدم استحکام اسرائیل میں نئے انتخابات کی وجہ بنا ہے۔