پاکستان کی مسلسل چوتھی فتح، سیمی فائنل میں رسائی حاصل کر لی

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستان نے نمیبیا کو باآسانی 45 رنز سے شکست دے کر سیمی فائنل میں رسائی حاصل کر لی۔
نمیبیا کی ٹیم پاکستان کی جانب سے دیا گیا 190 رنز ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 145 رنز بنا سکی۔
پاکستان کے بولرز اوس کے باوجود اچھی بولنگ کا مظاہرہ کیا اور نمیبیا کے بیٹرز کو کھل کر بیٹنگ کرنے سے روکے رکھا۔
قومی ٹیم کی جانب سے حسن، شاداب، عماد اور حارث نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
پاکستان کی اننگز
ابوظہبی کے میدان میں کھیلے جا رہے میچ میں قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور محمد رضوان کے ساتھ ٹی ٹوئنٹی کی 5 ویں 100 رنز کی شراکت داری قائم کر ڈالی۔
دونوں بیٹرز نے اننگز کے ابتدائی اوورز میں محتاط بیٹنگ کی اور 10 اوورز میں 60 رنز بنائے۔
اس کے بعد بابراعظم اور رضوان نے جارحانہ انداز اپنایا۔ بابراعظم نے بطور کپتان اپنے کیریئر کی 14 ویں نصف سنچری اسکور کی۔ بابر 70 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
رضوان نے بھی ابتدائی اوور سست کھیلنے کے بعد جارحانہ بیٹنگ کی اور اپنے کیرئیر کی 9 ویں نصف سنچری بنائی۔ بابر کے آؤٹ ہونے کے بعد فخر زمان کو بھیجا گیا تاہم ان کا سفر 5 گیندوں تک محدود رہا۔
فخر آؤٹ ہوئے تو محمد حفیظ وکٹ پر آئے اور انہوں نے 200 کے اسٹرائیک ریٹ سے کی 32 رنز باری کھیلی۔
اس دوران محمد رضوان کے بلے سے خوب رنز اگلے اور انہوں نے 50 گیندوں پر 4 چھکوں اور 8 چوکوں کی مدد سے 79 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔
نمیبیا کی جانب سے ڈیوڈ ویزے اور جان فرائے لنک نے ایک ،ایک وکٹ حاصل کی۔
ٹاس و ٹیم
ٹاس جیتنے کے بعد بابراعظم نے کہا کہ وہ پہلے بیٹنگ کر کے بیٹرز کو آزمانا چاہتے ہیں۔ ٹیم کا مورال بلند ہے۔
انہوں نے کہا کہ نمیبیا کے خلاف قومی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی، ہم میچ وننگ ٹیم کے ساتھ ہی اس میچ میں جائیں گے۔
اس موقع پر نمیبیا کے کپتان نے کہا کہ وہ ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ ہی کرتے، دوسری اننگز میں اوس کا فائدہ اٹھائیں گے۔

Pakistan's fourth consecutive victoryreached the semi-finals