اسلام آباد: آئی ایم ایف کے ساتھ پاکستان نے پالیسی ریٹ بڑھانے پر اتفاق کرلیا۔
وزارت خزانہ کے حکام کے مطابق پاکستان سے آئی ایم ایف کے مذاکرات گزشتہ رات دیر تک جاری رہے، آئی ایم ایف حکام ہر نقطے کا بہت تفصیل سے جائزہ لے رہے ہیں، اب صرف تکنیکی سطح کی بات چیت جاری ہے۔
حکام نے بتایا کہ پاکستان نے پالیسی ریٹ بڑھانے پر اتفاق کرلیا ہے، جسے 2 فیصد تک بڑھایا جائے گا۔
حکام کے مطابق پاور سیکٹر کے معاملے پر تفصیلات طے کی جارہی ہیں، اس حوالے سے معاملات طے ہونے کے بعد اسٹاف لیول معاہدہ ہوجائے گا۔
حکام کا کہنا ہے کہ پاکستان نے آئی ایم ایف حکام کو جون تک غیر ملکی زرِمبادلہ حاصل ہونے کے ذرائع پر بھی تفصیل سے بریفنگ دی ہے، اب آئی ایم ایف حکام زرمبادلہ دینے والے ممالک سے بھی بات کررہے ہیں۔
حکام نے کہا کہ آئی ایم ایف سے مذاکرات میں پاکستان سے متعلق سیاسی معاملات پر کوئی بات نہیں ہورہی۔