سعودی عرب میں تعینات سفیر سمیت 6 اہلکار وطن واپس طلب

سعودی عرب میں مقیم پاکستانی شہریوں کی شکایات پر وہاں تعینات سفیر وطن واپس لوٹ چکے ہیں جبکہ مزید 6 سفارتی اہلکاروں کو بھی واپس طلب کرلیا گیا۔ترجمان دفترخارجہ نے کہا کہ واپس بلائے گئے 6 اہلکار سفارت خانے کے کمیونٹی ویلفیئر اور قونصلر ونگ میں کام کر رہے تھے۔بیان میں کہا گیا کہ حکومت پاکستان بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی فلاح و بہبود کو اہمیت دیتی ہے اور عوامی خدمت میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔

ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چوہدری کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ وزیراعظم عمران خان نے اس حوالے سے انکوائری کا حکم دیا تھا اور ان کے احکامات پر عمل درآمد کیا جا رہا ہے۔انہوںنے کہاکہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی تمام سفارتی مشنز خاص کر پاکستانی کمیونٹی سے متعلق معاملات خود دیکھتے ہیں۔ترجمان دفتر خارجہ نے مزید کہا کہ پاکستانی مشنز کو دنیا بھر میں پاکستانی برادری کی امداد کی ہدایات موجود ہیں اور اس حوالے سے وزیر اعظم کے حالیہ بیان پر مکمل عمل درآمد کرایا جائے گا۔ان کا مزید یہ بھی کہنا تھا کہ معاملے کو ایک اعلیٰ سطح کی کمیٹی دیکھے گی۔