پاکستانی اوپنرز کی شاندار بیٹنگ، بغیر کسی نقصان 145 رنز بنالیے

چٹاگانگ: پاکستانی اوپنرز بنگال ٹائیگرز کے سامنے ڈٹ گئے، چٹاگانگ ٹیسٹ کے دوسرے روز کا کھیل ختم ہونے تک پاکستان نے بغیر کسی نقصان کے 145 رنز بنالیے، اوپنر عابد علی 93 جب کہ عبداللہ شفیق 52 رنز پر بیٹنگ کررہے ہیں۔

پاکستان اور بنگلادیش کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان سیریز کے پہلے ٹیسٹ کے دوسرے روز کا پہلا سیشن بنگلادیش کے لیے اچھا ثابت نہیں ہوا۔ حسن علی نے تباہی مچادی اور پانچ وکٹیں اپنے نام کیں۔
253 رنز 4 وکٹ کے نقصان سے دوسرے روز بنگلادیش نے کھیل کا جب آغاز کیا تو لٹن داس 113 اور مشفیق الرحیم 82 رنز پر ناٹ آؤٹ تھے۔ لٹن داس اپنے اسکور کو ایک رنز ہی آگے بڑھا سکے اور پویلین لوٹ گئے جب کہ مشفیق بھی محض آج 9 رنز کا ہی اضافہ کرسکے۔
اس کے بعد بنگلادیش کی بیٹنگ لائن ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور پوری ٹیم 330 رنز بناکر پویلین لوٹ گئی۔
پاکستان کی جانب سے حسن علی نے 51 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کیں جب کہ شاہین آفریدی اور فہیم اشرف کے حصے میں 2/2 وکٹیں آئیں۔ ایک وکٹ ساجد خان کو ملی۔

پاکستان نے دوسرے روز کا کھیل ختم ہونے تک بنگلادیش کے 330 رنز کے جواب میں بغیر کسی وکٹ کو بغیر 145 رنز جوڑ لیے تھے۔ عابد علی اور عبداللہ شفیق نے شان دار نصف سنچریاں اسکور کیں۔ عبداللہ شفیق نے اپنے پہلے ٹیسٹ کو ففٹی بناکر یادگار بنایا۔ عابد علی کو اپنی سنچری مکمل کرنے کے لیے محض 7 رنز درکار ہیں۔

1st testBangladesh all outChittagong testPakistan tour of bangladesh