اسکاٹ لینڈ: پاکستانی نژاد نوجوان نے برطانیہ میں تاریخ رقم کردی، سلطنت برطانیہ کی سیاسی تاریخ میں پہلی بار پاکستانی نژاد سیاسی رہنما حمزہ یوسف اسکاٹ لینڈ کے پہلے مسلمان سربراہ منتخب ہوئے ہیں۔
ایک روز قبل حمزہ یوسف کو اسکاٹش نیشنل پارٹی نے اپنا صدر منتخب کیا تھا، جس کے بعد انہوں نے پارلیمنٹ سے اعتماد کا ووٹ حاصل کیا اور پھر اسکاٹ لینڈ کے سربراہ کی حیثیت سے عہدے کا حلف اٹھایا، جس کے ساتھ ہی وہ فرسٹ منسٹر بھی بن گئے۔
حمزہ یوسف گلاسگو میں پولک سے رکن اسکاٹش پارلیمنٹ تھے۔ اس سے قبل وہ وزیر صحت کی حیثیت سے فرائض انجام دے چکے ہیں۔ وہ محض 26 برس کی عمر میں اسکاٹش پارلیمنٹ کے رکن بنے اور انہیں پارلیمنٹ کا کم عمر ترین رکن ہونے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔
پاکستانی نژاد حمزہ یوسف اسکاٹش کابینہ میں وزیر انصاف اور ٹرانسپورٹ بھی رہ چکے ہیں۔ اسکاٹ لینڈ کے سربراہ حمزہ یوسف کے والد کا تعلق میاں چنوں سے ہے۔