کراچی: فیشرمین کوآپریٹو سوسائٹی نے بھارتی جیل میں پاکستانی ماہی گیر کے قتل کے خلاف احتجاج کی کال دے دی، سوسائٹی کے چیئرمین حافظ عبدالبر نے عالمی تنظیموں سے نوٹس لینے کا مطالبہ کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستانی ماہی گیر عبدالکریم بھٹی کو بھارتی جیل میں بدترین تشدد کا نشانہ بنایا گیا تھا، جس سے اس کی موت واقع ہوگئی۔
پاکستانی ماہی گیر کی دستاویزات کے مطابق یکم جولائی 2020 کو جے پور میں اس کا انتقال ہوا۔
ماہی گیر عبدالکریم کو 6 جنوری 2020 کوانڈین کوسٹ گارڈ نے گرفتار کیا تھا، اسے زم زم بوٹ نمبر 1937 سے گرفتار کیا گیا، گرفتاری کے بعد عبدالکریم کو جے پورجیل منتقل کردیا گیا۔
جیل میں عبدالکریم پر بدترین تشدد کیا گیا، جس سے اس کی موت واقع ہوئی۔
وزیراعظم پاکستانی ماہی گیروں پر ڈھائے گئے بھارتی مظالم کا نوٹس لیں
فیشر مین کوآپریٹو سوسائٹی نے عبدالکریم کے قتل کے خلاف کل نیٹی جیٹی پر احتجاج کی کال دی ہے۔
چئیرمین فیشر مین کوآپریٹو سوسائٹی حافظ عبدالبر کے مطابق احتجاج کا مقصد دنیا کے سامنے بھارت کا مکروہ چہرہ لانا ہے، اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی تنظیمیں ماہی گیر کے قتل کا نوٹس لیں۔